کشمیر پاکستان کی شہ رگ قرار،سرکاری عمارتیں اور شاہراہیں پرچموں سے سج گئیں، مٹھی میں تقریب کا انعقاد

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر تھرپارکر ضلعی انتظامیہ اور لوکل گورنمنٹ کی جانب سے ضلع بھر کی تمام سرکاری عمارتوں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے گئے، جبکہ ضلع کے مختلف شہروں اور دیہات کی اہم شاہراہوں، چوراہوں اور نمایاں مقامات پر پاکستان اور کشمیر کے پرچموں کے ساتھ خصوصی بینرز بھی آویزاں کیے گئے، جن کے ذریعے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ یومِ استحصالِ کشمیر کے سلسلے میں ریلی نکالنے کے بعد کشمیری عوام کی جدوجہد اور بھارتی قبضے کے خلاف آواز کو اجاگر کرنے کے لیے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مٹھی میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جگیرانی نے کہا کہ ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔“ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر زبردستی قبضہ کر رکھا ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کے ساتھ مبینہ ظلم انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات دلائی جائے اور انہیں اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے کشمیر کے موضوع پر تقاریر پیش کیں، جبکہ ملی نغمے بھی پیش کیے گئے، جس سے تقریب میں قومی جذبہ اور جوش و خروش پیدا ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جگیرانی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 10 ہزار روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 5 ہزار روپے، جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 3 ہزار روپے انعام دیا گیا۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری تھرپارکر شمس راٹھوڑ، اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری تھرپارکر نصراللہ ساھڑ کے علاوہ اساتذہ، طلبہ، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



