اسحاق ڈار القدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے اردن روانہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار القدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے ایک روزہ دورے پر اردن روانہ ہو گئے، جہاں وہ فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی مستقل اور اصولی حمایت کا اعادہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار یہ دورہ اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفدی کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ اجلاس میں عرب لیگ کے رکن ممالک کے علاوہ پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے گروپ کے وزرائے خارجہ بھی شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کا مقصد مقبوضہ القدس میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہے۔ اجلاس کے شرکاء اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں فلسطین سمیت مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس اجلاس میں پاکستان کی شرکت فلسطینی عوام کے ساتھ اس کی دیرینہ اور اصولی وابستگی کی عکاس ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔



