یومِ استحصالِ کشمیر: مریم نواز کا کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کا دن کشمیریوں کی شناخت، حقوق اور مستقبل پر حملہ تھا، جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کشمیری عوام کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ کے صبر و استقامت کو سلام پیش کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی قوم حقِ خودارادیت کی طویل جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر واضح اور اصولی مؤقف اپنایا، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اپنے قومی مؤقف کے مطابق جاری رکھے گا۔

مریم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی ہر سطح پر حمایت کرتے رہیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button