کراچی بندرگاہوں کیلئے تاریخی ٹرانس شپمنٹ پیکج کا اعلان، پاکستان کو علاقائی بحری مرکز بنانے کا منصوبہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی کی بندرگاہوں کے لیے تاریخی ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کو خطے کا اہم ٹرانس شپمنٹ حب بنانے کے لیے نئی پالیسی متعارف کرا دی۔

وفاقی وزیرِ بحری امور نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق بحری شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد بندرگاہی تجارت کو فروغ دینا اور پاکستان کو عالمی سمندری تجارت میں نمایاں مقام دلانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرانس شپمنٹ کارگو کی ہینڈلنگ لاگت کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹرانس شپمنٹ جہازوں کو پورٹ ہیڈلنگ چارجز میں 80 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ زیادہ ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کے لیے اضافی مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔

جنید انوار چوہدری کے مطابق کراچی پورٹ پر وہارفیج چارجز میں 20 سے 80 فیصد تک رعایت دی جائے گی، جبکہ کراچی پورٹ پر 14 روز اور ٹی پی ایکس ایریا میں 30 روز تک مفت اسٹوریج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم پر ٹرانس شپمنٹ کارگو کے لیے وہارفیج میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ پورٹ قاسم کے ٹرمینلز پر 7 روز مفت اسٹوریج کی سہولت ہوگی، جسے ضرورت کے مطابق 21 روز تک بڑھایا جا سکے گا۔

وفاقی وزیر کے مطابق کنٹینر ٹرمینلز نے بھی ٹرمینل ہینڈلنگ چارجز میں 25 فیصد تک کمی کر دی ہے، جبکہ ٹرانس شپمنٹ سے متعلق تمام پرانے ایس آر اوز اور نوٹیفکیشنز ختم کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی مراعاتی پالیسی سے جہازوں کے ٹرن اراؤنڈ ٹائم میں کمی آئے گی اور عالمی شپنگ کمپنیوں کے لیے پاکستانی بندرگاہیں مزید پرکشش بنیں گی۔

چیئرمین کراچی پورٹ نے بھی نئی پالیسی کو بحری تجارت کے فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو مزید مراعات دی جائیں گی، جس سے پاکستان کی سمندری تجارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button