ڈھائی سال جھک ماری ہے؟ محسن نقوی کے بیان پر ن لیگ کے سینیئر رہنما شیخ روحیل اصغر کی شدید تنقید

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے نظام کے متعلق حالیہ بیان پر سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے اس نوعیت کا بیان دینا خود حکومتی کارکردگی اور اہلیت پر بڑا سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ محسن نقوی ان کے دیرینہ اور نیازمند دوست ہیں، تاہم موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال میں ان کی طرف سے ایسا بیان آنا انتہائی غیر مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا نظام پر تنقید کرنا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن اگر وفاقی وزیرِ داخلہ ہی نظام کو ناکام کہیں تو اس سے عوام میں یہ کنفیوژن پیدا ہوتی ہے کہ کیا حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال محض وقت ضائع کیا ہے؟

لیگی رہنما نے اپنے موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں المیہ یہ ہے کہ جس کا جو کام ہے وہ وہ نہیں کر رہا۔ اگر حکومت میں شامل شخصیات واقعی یہ سمجھتی ہیں کہ موجودہ پارلیمانی و انتظامی نظام مکمل طور پر کولیپس کر چکا ہے، تو پھر اخلاقی تقاضا یہی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو کر نظام سے علیحدگی اختیار کریں۔

شیخ روحیل اصغر نے مزید کہا کہ اگر آپ حکومت میں بھی رہیں، تمام تر اختیارات اور عہدے بھی برقرار رکھیں اور پھر اسی نظام کو ناکام قرار دیں تو اس سے عوام میں شدید غیر یقینی اور بے اعتمادی جنم لیتی ہے۔ اس طرح کے بیانات سے تاثر جاتا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ ملک چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتی اور حکومت خود اپنی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔”

انہوں نے حکومتی عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ اقتدار میں بیٹھے ذمہ دار افراد کے الفاظ کے دور رس اثرات ہوتے ہیں، اس لیے انہیں سوچ سمجھ کر گفتگو کرنی چاہیے تاکہ حکومتی صفوں میں کسی قسم کے اختلاف یا کمزوری کا تاثر نہ ابھرے۔

مزید خبریں

Back to top button