کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیتنے پر بلاول بھٹو کا باکسر فاطمہ زہرہ کو زبردست خراجِ تحسین
فاطمہ کی کامیابی پاکستانی خواتین کے عزم کا درخشاں ثبوت، خواتین کی ترقی شہید بینظیر بھٹو کا خواب تھا، چیئرمین پی پی پی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ مقابلوں میں پاکستان کے لیے واحد اور تاریخی تمغہ (میڈل) حاصل کرنے والی باہمت خاتون باکسر فاطمہ زہرہ کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی تہنیتی پیغام میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فاطمہ زہرہ نے بین الاقوامی سطح پر سخت مقابلوں کے بعد خواتین کے باکسنگ کے شعبے میں تاریخ رقم کی ہے اور یہ معرکہ سر کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے خاتون باکسر کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فاطمہ زہرا کی یہ تاریخی کامیابی پاکستانی خواتین کے غیر متزلزل عزم، استقامت اور بے پناہ صلاحیتوں کی ایک روشن اور درخشاں علامت ہے۔ میری دعا ہے کہ فاطمہ زہرا آئندہ بھی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ کر دنیائے کھیل میں پاکستان کا نام یونہی روشن کرتی رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین کو کھیل، تعلیم اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں باوقار اور قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا، اور آج ملک کی بیٹیاں اس خواب کو تعبیر دے رہی ہیں۔



