اوکاڑہ پولیس کی ماہِ جولائی میں بڑی کارروائیاں: 12 ڈکیت گینگ ختم، 30 ملزمان گرفتار اور 1 کروڑ سے زائد کا مال برآمد

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے)اوکاڑہ پولیس نے ضلع بھر میں جرائم پیش حرفوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ماہِ جولائی کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مختلف وارداتوں میں ملوث 12 خطرناک ڈکیت گینگز کا خاتمہ کرتے ہوئے کروڑوں روپے کا مالِ مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے مطابق جولائی کے مہینے میں 12 گینگز کے 30 ارکان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 1 کروڑ 7 لاکھ روپے مالیت کا مالِ مسروقہ بحالی کے بعد برآمد کیا گیا۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 72 پسٹل، 7 گنز، 1 رائفل، 4 کاربین، 2 ریوالور اور 267 گولیاں برآمد کی گئیں۔

منشیات فروشوں کے خلاف آپریشنز میں 88 ملزمان کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلا گیا، جن سے 25 کلو چرس، 2 ہزار 200 گرام ہیروئن، 1457 لیٹر شراب، 336 لیٹر لہن اور 7 چالو بھٹیاں قبضہ میں لی گئیں۔ اس کے علاوہ پولیس نے مجموعی طور پر 356 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا، جن میں سنگین جرائم میں مطلوب ‘اے کیٹیگری’ کے 40 اور ‘بی کیٹیگری’ کے 316 اشتہاری شامل ہیں۔ عدالتوں کو مطلوب 42 مفروران اور 36 ٹارگیٹڈ آفینڈرز کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں ایس او ایس (SOS) ناکے، سرچ و کومبنگ آپریشنز اور کرائم پاکٹس پر موثر گشت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button