نوجوان تاجر میر رضا علی کے اغوا و قتل کیس کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی خصوصی ٹیم تشکیل

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے نوجوان تاجر میر رضا علی کے بہیمانہ اغوا اور قتل کے واقعے کی باریک بینی سے تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
اس حوالے سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا سربراہ ایس ایس پی ایس آئی یو (SIU) سمیع اللہ سومرو کو مقرر کیا گیا ہے۔ ٹیم کے دیگر اراکین میں ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ اور ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون ون محمد عثمان سدوزئی شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ خصوصی ٹیم اس ہائی پروفائل کیس میں ملوث تمام ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں فوری طور پر گرفتار کرے۔ تحقیقات کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے اس ٹیم کو کراچی رینج کے کسی بھی افسر یا اہلکار کی فوری مدد حاصل کرنے کا مکمل اختیار دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کے احکامات کے مطابق یہ خصوصی ٹیم کیس میں ہونے والی تمام تر پیش رفت اور اپنی کارکردگی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس اعلیٰ حکام کو پیش کرنے کی پابند ہوگی۔



