بدین میں موسلادھار بارش سے نظام زندگی مفلوج، شہر تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، چھت گرنے سے مزدور جاں بحق

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) بدین شہر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے جاری موسلادھار بارش نے شہری زندگی کو شدید متاثر کر دیا، جبکہ نکاسی آب کا ناقص نظام شہریوں کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن گیا۔
رپورٹ کے مطابق بدین شہر کے علاوہ نندو، کھوسکی، شادی لارج، پنگریو، کڈھن، سیرانی، تلہار، گولاڑچی، کڑیو گھنور، ترائی، لواری شریف سمیت دیگر شہروں، دیہاتوں اور ساحلی پٹی میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔
مسلسل بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم میونسپل کمیٹی بدین کی مبینہ غفلت اور شہر کے تباہ حال نکاسی آب کے نظام کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس سے شہر نے تالاب کا منظر پیش کرنا شروع کر دیا۔
بارش کے پانی کے باعث شہری نظام زندگی متاثر ہوگیا، جبکہ دور دراز کے متعدد دیہاتوں کا شہروں سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔ بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی اور اطلاعات کے مطابق بدین شہر سمیت سینکڑوں دیہات میں گزشتہ شام سے بجلی بند ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔
شدید بارشوں سے کچے مکانات اور زرعی فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ پنگریو کے قریب گاؤں حاجی محمد صادق آرائیں میں بارش کے دوران گھر کی چھت گرنے سے غریب محنت کش رمییش کولہی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا۔
مقامی افراد کے مطابق شدید بارش کے باعث متوفی کی میت کھلے آسمان تلے موجود رہی اور غریب خاندان کو تدفین کے انتظامات میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے باعث بدین کے تجارتی مراکز اور بازاروں میں بھی پانی جمع ہوگیا، جس کے نتیجے میں کئی کاروباری مراکز بند رہے۔ غریب آباد محلہ، میمن محلہ، ملاح محلہ اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
شہر کے مختلف قبرستان بھی زیر آب آگئے، جبکہ کئی گلیاں اور راستے تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں، جس سے پیدل چلنے والوں، موٹر سائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کا نظام بہتر بنایا جائے، جمع پانی کی فوری نکاسی کی جائے اور ممکنہ مزید بارشوں سے قبل شہری علاقوں کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔



