ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، لاہور میں غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے لاہور زون کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے نیٹ ورک کا انکشاف کر دیا، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق غازی روڈ لاہور میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی تکنیکی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کی گئی، جس کے دوران غیر قانونی انٹرنیٹ سروس نیٹ ورک چلانے والے ملزمان محمد ذیشان اور احسن ذوالفقار کو حراست میں لے لیا گیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (ری آرگنائزیشن) ایکٹ 1996 اور تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ٹیلی کمیونیکیشن قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button