پنجاب میں دریاؤں کی صورتحال: سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب، بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے دریاؤں اور ندی نالوں کی تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ کے بعض مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح معمول پر ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ کالاباغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 72 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ کے مقام پر 2 لاکھ 73 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیرآباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 3 ہزار 400 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی جپہ کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، جس کے باعث بالائی علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔



