اوکاڑہ میں جشنِ آزادی کی تیاریاں شروع، سی ای او ایجوکیشن نے سبز ہلالی پرچم لہرا کر تقریبات کا آغاز کر دیا

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے) جشنِ یوم آزادی کی مناسبت سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی محمد یوسف کاہلوں کی زیر صدارت پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سبز ہلالی پرچم لہرا کر آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
تقریب سی ای او ایجوکیشن کے دفتر میں منعقد ہوئی، جہاں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران، اساتذہ اور دیگر عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی محمد یوسف کاہلوں نے کہا کہ 14 اگست محض ایک تاریخ نہیں بلکہ ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں، جدوجہد اور عزم کی یادگار ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی ایام کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہیں۔ محکمہ تعلیم اوکاڑہ نے اگست کے مہینے کو جشنِ آزادی کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ضلع بھر کے اسکولوں میں تقریری مقابلے، ملی نغموں اور دیگر تخلیقی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
محمد یوسف کاہلوں کا کہنا تھا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد نئی نسل کو پاکستان کے قیام کے لیے دی جانے والی قربانیوں، تحریک آزادی کی جدوجہد اور قومی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی، استحکام، امن و سلامتی اور تعلیمی شعبے میں مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔



