سجاول میں تاجروں سے ڈکیتی، مزاحمت پر فائرنگ، دو تاجر زخمی، ڈاکو فرار


سجاول(جانوڈاٹ پی کے) دڑو میرپور بٹھورو روڈ پر مسلح ڈاکوؤں نے تاجروں کو لوٹنے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو تاجر زخمی ہوگئے، جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے تاجروں کی شناخت احسان اللہ اور محمد ہارون جت کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق جاتی شہر سے بتایا جاتا ہے۔
واقعے کے بعد زخمی تاجروں کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر دڑو منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ ڈکیتی اور فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔