حضرت صوفی شاہ عنایت شہیدؒ کے 318ویں سالانہ عرس کی تقریبات جھوک شریف میں شروع، یکم اگست کو سجاول میں عام تعطیل

سجاول (جانو ڈاٹ پی کے) حضرت صوفی شاہ عنایت شہیدؒ کے 318ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا جھوک شریف میں باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ عرس کے موقع پر سندھ سمیت ملک بھر سے ہزاروں زائرین اور عقیدت مند درگاہ پر حاضری کے لیے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
عرس کی افتتاحی تقریب میں درگاہ کے گدی نشین صوفی عطاء اللہ ستاری نے حضرت صوفی شاہ عنایت شہیدؒ کے مزار مبارک پر چادر چڑھا کر تقریبات کا باضابطہ افتتاح کیا۔
عرس کے دوران مختلف مذہبی، روحانی اور ثقافتی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں ملک بھر سے آنے والے عقیدت مند بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر سجاول زاہد رند نے عرس کے موقع پر یکم اگست کو ضلع سجاول بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق تمام سرکاری، نیم سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عرس کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول، صفائی، طبی سہولیات، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



