پیپلز پارٹی کو معلوم ہونا چاہئے ہم گئے توسب اکٹھے جائیں گے،امیر مقام

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج پر اعتراضات اٹھانے کے بجائے پیپلز پارٹی کو اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ عوام نے اسے کیوں مسترد کیا۔
مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے ایک بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت اور انتظامیہ پیپلز پارٹی کے زیرِ اثر ہے، اس لیے بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے، پیپلز پارٹی جو موجودہ سیاسی نظام پر تنقید کرتی ہے، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ وہ خود اسی نظام کا حصہ ہے اور اہم آئینی عہدوں پر فائز ہے۔
انہوں نے کہا کہ بار بار دھمکی دینے والی پیپلز پارٹی کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اگر ہم گئے تو سب اکٹھے جائیں گے، جس طرح لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نکلے، یہ کشمیری عوام اور جمہوریت کی فتح ہے، ہمیں تنازعات کھڑے نہیں کرنے چاہئیں۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری یاسین کا رزلٹ ہمارے سامنے آیا تو پتہ چلا ان کے کسی جگہ 96 فیصد اور کسی جگہ 98 فیصد ووٹ پڑے، پیپلز پارٹی انتخابی نتائج پر اعتراضات کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام کرے اور اپنی شکست کی وجوہات کا جائزہ لے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ دو برس کے دوران منظم انداز میں کام کیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ کشمیری عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔



