نئے صوبے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کبھی نہیں بننے دیں گی، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ انتظامی یونٹ ہوں یا نئے صوبے، ن لیگ اور پی پی یہ کبھی نہیں ہونے دیں گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا انہیں منگل کی شب آنکھ کے چیک اَپ کے لیے اسپتال لایا گیا پھر اڈیالہ واپس لے گئے، مجھے بھی اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد اطلاع دی گئی تھی، محسن نقوی اور بلاول بھٹو زرداری سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا، عوام کو بتایا جانا چاہیے کہ اس سسٹم کو ڈیفالٹ موڈ پر کون لے کر گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب سے ملک نئے پاکستان سے پرانے پاکستان کی طرف گیا تباہی شروع ہو گئی، عدلیہ تباہ ہوگئی معاشی خرابی پیدا ہوئی اور عوام کا نظام پر اعتماد اٹھ گیا، ایسا سمجھا جائے کہ ملک میں ہر طرف آگ لگ گئی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم کے بعد 90 مزید ججز کو تعینات کیا گیا پورے پاکستان میں 26ویں آئینی ترمیم سے قبل 98 ججز تھے، اتنے ججز تعینات کرکے پھر بھی آپ انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہے، عدلیہ پر اعتماد اٹھ چکا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ اب انتظامی یونٹس کی طرف جا رہے ہیں آپ نئے صوبے کی طرف جا رہے ہیں اور سوچ رہے ہیں کہ کسی طرح پی ٹی آئی کو کمزور کیا جائے مگر عمران خان کی پورے ملک میں 90 فیصد سے زائد حمایت کی جاتی ہے آپ ملک میں سو صوبے بھی بنائیں ملک میں ہر طرف پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ یونٹ اور صوبے یہ دو موجودہ حکمران جماعتیں نہیں کرنے دیں گی، سندھ اور پنجاب میں ان دو جماعتوں کا قبضہ ہے، ان حکمرانوں کے پاس کسی بھی آئینی ترمیم کرنے کا کوئی مینڈیٹ نہیں ہے، اتفاق رائے کے بغیر ترامیم کرنا درست نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہداء کے لیے کوئی آواز نہ اٹھائی یہ مفادات کی سوداگیری کرتی ہے، بلاول نے نشستوں پر آواز اٹھائی لیکن شہدا پر کوئی بات نہ کی، میں بلاول سے اتفاق کرتا ہوں کہ وزیراعظم فارم 47 کی پیداوار ہیں لیکن صرف وزیراعظم ہی نہیں پیپلز پارٹی بھی فارم 47 کی پیداوار ہے، ہماری نشستیں کراچی میں بھی چھینی گئیں جو پیپلز پارٹی کو ملیں، میں پیپلز پارٹی کو بھی مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں آئیں بتاتا ہوں کہ آپ نے ہماری نشستوں پر قبضہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button