نگرپارکر میں کولہی برادری کا احتجاج،گھروں پر حملے اور آگ لگانے کے الزامات، انصاف کا مطالبہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تحصیل نگرپارکر کے گاؤں سورا چند میں مبینہ طور پر گھروں پر حملے اور مکانات مسمار کیے جانے کے خلاف کولہی برادری کے مردوں، خواتین اور بچوں نے پریس کلب نگرپارکر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے گاؤں سورا چند میں سرکاری زمین پر رہائش پذیر ہیں اور دعویٰ کیا کہ یہ زمین کسی بھی فرد کی ذاتی ملکیت نہیں ہے۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ اچل سنگھ، منگل سنگھ، نرسنگھ، گاگھو اور پریم سمیت ٹھاکر برادری کے دیگر افراد نے ان کے گھروں پر حملہ کیا، کئی مکانات مسمار کیے اور متعدد گھروں کو آگ لگا دی، جس کے باعث کئی خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔
احتجاج کرنے والوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، مبینہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے اور ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔



