ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سردار محمد بخش مہر

ڈہرکی(رپورٹ:وجے کمار چاولہ)اینٹی کرپشن،زراعت،کھیل اورامور نوجوانان کے صوبائی وزیر سردار محمد بخش خان مہر نے جروار کا دورہ کرکے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو کام کی رفتار اور معیار کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد، چیئرمین ضلع کونسل گھوٹکی بنگل خان مہر، وائس چیئرمین میر بابر خان لنڈ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے جروار میں زیرِ تعمیر رورل ہیلتھ سینٹر، جروار سے ماتھیلو (مومل جی ماڑی) جانے والی سڑک، نکاسیٔ آب کے نظام اور کرکٹ گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر ہائی ویز کو ہدایت کی کہ جروار سے ماتھیلو جانے والی سڑک کی تعمیر مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے، جبکہ تعمیراتی معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے نکاسیٔ آب کے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔
صوبائی وزیر سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ حکومتِ سندھ عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحت، سڑکوں، نکاسیٔ آب اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی ذاتی نگرانی کا مقصد شفافیت، اعلیٰ معیار اور مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور صوبے کے ہر علاقے میں متوازن ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



