وزیراعلیٰ نے بذریعہ ویڈیو لنک وہاڑی میں گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کردیا

(بورےوالا محمدریحان خالد سندھو جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بذریعہ ویڈیو لنک وہاڑی میں گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا۔خورشید انور اسٹیڈیم میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ، رکن قومی اسمبلی محترمہ تہمینہ دولتانہ، ارکان صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید، نعیم خان بھابھہ، ملک نوشیر انجم لنگڑیال، چوہدری محمد یوسف کسیلیہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال، سابق ارکان قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد آرائیں، سعید احمد خان منیس، سابق ارکان صوبائی اسمبلی خالد محمود ڈوگر، شمیلہ اسلم، میاں آصف خورشید اور میاں نیرب خورشید ایڈووکیٹ سمیت سیاسی، سماجی اور سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں گرین الیکٹرک بس سروس دو روٹس پر چلائی جا رہی ہے۔ بسیں روزانہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک چلیں گی۔انہوں نے بتایا کہ وہاڑی تا بوریوالا روٹ کی یک طرفہ لمبائی 38 کلومیٹر ہے، جس کے لیے 33 بس اسٹاپ قائم کیے گئے ہیں، جبکہ وہاڑی تا ٹبہ سلطان پور روٹ کی یک طرفہ لمبائی 43.6 کلومیٹر ہے، جہاں 31 بس اسٹاپ قائم کیے گئے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی محترمہ تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ ضلع وہاڑی میں گرین الیکٹرک بس سروس کا آغاز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا عوام کے لیے ایک اہم تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید اور ماحول دوست منصوبہ شہریوں کو آرام دہ سفر اور بہتر ماحول فراہم کرے گا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ گرین الیکٹرک بس سروس کی حفاظت اور دیکھ بھال کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو اس بس سروس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ایم پی اے میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ گرین الیکٹرک بس سروس سے عوام کو محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت میسر آئے گی، جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد بھی مفت سفر کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہیں۔
ایم پی اے نعیم خان بھابھہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا عوامی خدمت کا وژن قابل تحسین ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ ماحولیاتی بہتری بھی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو بھی گرین بس سروس میں مفت سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔
ایم پی اے ملک نوشیر انجم لنگڑیال نے کہا کہ گرین الیکٹرک بس سروس وہاڑی کی تاریخ میں جدید سفری انقلاب کی حیثیت رکھتی ہے، جس سے شہریوں کو باوقار، ماحول دوست اور سستی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بسوں کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ایم پی اے چوہدری محمد یوسف کسیلیہ نے کہا کہ گرین الیکٹرک بس سروس وہاڑی کے عوام کے لیے ترقی کی نئی امید ہے اور اس سے شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور کم خرچ سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔
سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد آرائیں نے کہا کہ یہ جدید ٹرانسپورٹ منصوبہ شہریوں کے لیے بڑا ریلیف ثابت ہوگا، جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی سعید احمد خان منیس نے اسے وہاڑی کے عوام کے لیے خوش آئند تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست سفری نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر نے کہا کہ گرین الیکٹرک بس سروس وہاڑی کی ترقی کا نیا باب ہے اور ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر سیاسی شخصیات نے خورشید انور اسٹیڈیم سے وی چوک تک گرین الیکٹرک بس میں سفر بھی کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم، سیکرٹری آر ٹی اے کامران انور، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم، خالدہ سلدیرا، نوشین ملک، وکلا، تاجر رہنما، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔



