نوڈیرو میں ایمبولینس نہ مل سکی، پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما راستے میں دم توڑ گئے

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)نوڈیرو میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما کو شدید علالت میں لاڑکانہ اسپتال منتقل کرنے کے لئے ایمبولینس دو گھنٹے تاخیر سے ملی،بیمار جیالا راستے میں ہی دم توڑ گیا، ورثاء نے ذمہ داری اسپتال انتظاميا پر ڈال دی ہے، نوڈیرو میں بیماری کی حالت میں پاکستان پیپلز پارٹی سٹی نوڈیرو کے نائب صدر بشیر احمد بھٹو انتقال کر گئے، اہل خانہ کا موقف ہے کہ انہیں سانس اور سینے میں شدید تکلیف کے باعث مقامی اسپتال لایا گیا جہاں نہ ای سی جی کی سہولت دستیاب تھی اور نہ ہی مناسب طبی سہولیات، مرحوم کے صاحبزادے جاوید احمد بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹروں نے مریض کو فوری طور پر لاڑکانہ منتقل کرنے کا کہا لیکن اسپتال میں کوئی ایمبولینس دستیاب نہ تھی، ان کے مطابق دو گھنٹے انتظار کے بعد ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے لاڑکانہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ان کے والد انتقال کر گئے، انہوں نے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، دوسری جانب نوڈیرو شہری ایکشن کمیٹی نے بھی اسپتال میں سہولیات کی کمی اور بدانتظامی کے خلاف احتجاج کیا جبکہ پی پی ایچ آئی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک ایمبولینس سیزیرین مریضہ کو رتوڈیرو منتقل کرنے اور دوسری ایک بچے کو لاڑکانہ چلڈرن اسپتال لے جانے میں مصروف تھی جس کے باعث فوری طور پر ایمبولینس دستیاب نہیں تھی.



