مون سون شجرکاری مہم،تھرپارکر میں ایک لاکھ2ہزار پودے لگانے کا ہدف،غیر قانونی کٹائی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے مون سون شجرکاری مہم کے سلسلے میں اپنے دفتر میں ضلع کے تمام سرکاری محکموں، بلدیاتی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی، جس میں گزشتہ سال لگائے گئے پودوں کی موجودہ صورتحال، درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور شجرکاری مہم سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جنگلات اور درخت نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سے نہ صرف ماحول بہتر ہوگا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی محفوظ اور سرسبز مستقبل یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندوں پر زور دیا کہ وہ درختوں اور جنگلات کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مون سون شجرکاری مہم کے تحت ضلع بھر میں ایک لاکھ دو ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی چار نرسریوں سے محکمہ تعلیم اور پاک فوج کو مفت پودے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ دیگر سرکاری اداروں اور عام شہریوں کو 5 روپے فی پودا کے حساب سے پودے دستیاب ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی فوری طور پر روکی جائے، اس میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور کارروائی کی رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ شجرکاری مہم کے دوران تھرپارکر کے مقامی اور نایاب درختوں کی افزائش کو ترجیح دی جائے اور لگائے جانے والے پودوں کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنائی جائے تاکہ وہ تناور درخت بن سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے خاص طور پر نگرپارکر میں پائے جانے والے نایاب کیسو پھل کے مقامی پودے کی افزائش اور تحفظ کے لیے اسسٹنٹ کمشنر نگرپارکر کو خصوصی ہدایات بھی جاری کیں۔

مزید خبریں

Back to top button