سندھی شاگرد تحریک ضلع بدین کی سالانہ کانفرنس اور تعلیمی سیمینار2اگست کو منعقدہوگا

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)سندھی شاگرد تحریک (ایس ایس ٹی) ضلع بدین کی سالانہ کانفرنس اور تعلیمی سیمینار 2 اگست کو سہ پہر 3 بجے ایوانِ صحافت کے حنیف زئی ہال، بدین میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں طلبہ رہنماؤں ماہرینِ تعلیم، سیاسی و سماجی شخصیات اوردانشوروں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی یہ فیصلہ سندھی شاگرد تحریک ضلع بدین کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ سیمینار کے دوران سندھ میں موجودہ تعلیمی صورتحال، تعلیمی اداروں میں بالخصوص طالبات کو درپیش ہراسانی، انتہا پسندی ناقص تعلیمی پالیسیوں اور انتظامی ناکامیوں پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی اور مختلف مقررین اپنی آرا پیش کریں گے
اجلاس کے بعد عوامی تحریک ضلع بدین کے صدر مہران درس، ایس ایس ٹی کے آرگنائزر گلزار نوحانی، دلدار نوحانی، مہیندر مینگھواڑ، اعجاز نوحانی اور دیگر رہنماؤں نے بدین کے صحافیوں، ماہرینِ تعلیم، سیاسی و سماجی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرکے انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اس موقع پر رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور ناقص انتظامی اقدامات کے باعث تعلیمی نظام شدید زوال کا شکار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرچے آؤٹ ہونے، سفارش اور رشوت کے بڑھتے ہوئے رجحان نے طلبہ کی حقیقی صلاحیتوں کو متاثر کیا ہے، جبکہ جامعہ کراچی سمیت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منصوبہ بندی کے تحت انتہا پسندی کو فروغ دیا جا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے بنیادی تعلیمی ادارے، خصوصاً پرائمری اور ہائی اسکول، خستہ حال عمارتوں، اساتذہ اور فرنیچر کی مصنوعی قلت سمیت بنیادی سہولیات کی شدید کمی کا شکار ہیں۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے تمام باشعور طبقات اور متعلقہ حلقے اپنا مؤثر کردار ادا کریں



