ماتلی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن،غیر قانونی شراب برآمد، 3 ملزمان گرفتار

ماتلی (اے ایم گدی/جانوڈاٹ پی کے) ماتلی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران دو مختلف کارروائیوں میں تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 24 پنٹ غیر قانونی شراب (وسکی) برآمد کر لی، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ایس ایچ او تھانہ ماتلی انسپکٹر محمود احمد خان پٹھان کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے پہلی کارروائی کے دوران سرور میمن اور اظہر میمن کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 14 پنٹ وسکی برآمد کی۔
دوسری کارروائی میں پولیس نے فاروق ترک کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 10 پنٹ وسکی برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق دونوں کارروائیوں میں برآمد ہونے والی شراب قبضے میں لے کر گرفتار ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت تھانہ ماتلی میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات فروشوں، سماج دشمن عناصر اور قانون شکن افراد کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے، جرائم کی روک تھام ممکن ہو اور نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ بنایا جا سکے۔



