ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ننکانہ صاحب کا چہلم امام حسینؑ کے جلوس روٹس کا دورہ، انتظامات کا تفصیلی جائزہ

ننکانہ صاحب (رائے رضوان سلطان\جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر رعنا حمید اور ڈی پی او ارسلان زاہد نے ننکانہ سٹی میں چہلم حضرت امام حسینؑ کے جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور سکیورٹی، صفائی، ٹریفک، نکاسی آب، لائٹنگ اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے ہدایت کی کہ جلوس روٹس پر جاری تمام ترقیاتی کام فوری مکمل کیے جائیں، جبکہ صفائی، روشنی اور نکاسی آب کے انتظامات بھی ہر صورت مکمل اور مؤثر رکھے جائیں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چہلم کے موقع پر عزاداران کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی اور ان کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور انداز میں متحرک ہیں۔

ڈی پی او ارسلان زاہد نے کہا کہ چہلم امام حسینؑ کے جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں اور امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سکیورٹی، ٹریفک اور ریسکیو انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) صفیان دلاور، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ندا اقبال، ایم ڈی واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ چہلم کے جلوسوں سے قبل روٹس پر تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداران کو محفوظ اور سہولت سے بھرپور ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button