گاؤں عارب سولنگی کے متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں شروع، 70 سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) چند روز قبل گاؤں عارب سولنگی میں پیش آنے والے واقعے سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے کاشف اقبال تھیلیسیمیا کیئر سینٹر ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈز ویلفیئر ٹرسٹ نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔
دونوں فلاحی اداروں کی جانب سے 70 سے زائد متاثرہ خاندانوں میں کھانے پینے کا سامان تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر امدادی ٹیم نے گاؤں کا دورہ کرکے متاثرین سے ملاقات کی اور ان کی مشکلات کا جائزہ لیا۔
امدادی ٹیم کی قیادت شمائلہ خالد کر رہی تھیں، جبکہ خالد سلیم حسین آرائیں، ایڈووکیٹ غلام اکبر پنہوں عقیلی، شیر ہالو، سمن مرگھر اور دیگر رضاکار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر وفد نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں میں ہونے والی تباہی کے مناظر انتہائی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی تک ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
امدادی سرگرمیوں کے دوران محمد حسن سولنگی، حاجن سولنگی اور سینئر صحافی مرزا حسن بیگ بھی موجود تھے اور انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔



