ملائکہ اروڑا کی ایک بار پھر ڈیٹنگ کی افواہیں نے ماحول گرم کردیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا ایک بار پھر اپنی ذاتی زندگی کے باعث خبروں میں ہیں، جہاں ایک نامعلوم شخص کے ساتھ ان کی موجودگی نے ڈیٹنگ کی افواہوں کو جنم دے دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ملائکہ اروڑا کو ایئر پورٹ سے باہر آتے دیکھا جا سکتا ہے، وہ آرام دہ لباس میں ملبوس تھیں جبکہ ان کے ساتھ ایک شخص بھی موجود تھا، جس نے سیاہ ٹی شرٹ، نیلی جینز، ٹوپی اور چشمہ پہن رکھا تھا۔
ویڈیو میں دونوں کو ایک ساتھ چلتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ وہ شخص اردگرد موجود افراد سے بھی خوش اخلاقی سے ملتا رہا۔
تاہم میڈیا کی جانب سے مسلسل تصاویر اور ویڈیوز بنائے جانے پر ملائکہ اروڑا کچھ برہم دکھائی دیں اور فوٹو گرافروں کی جانب ناراضی کا اظہار بھی کیا۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہونے کے بعد صارفین نے اس پر مختلف تبصرے کیے ہیں۔
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا ہے کہ کبھی کبھی خاموشی بھی فائیو اسٹار ریویو ہوتی ہے، جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ یہ مسٹری فرینڈ ہرش مہتا ہیں۔
واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا اور اداکار ارجن کپور کے درمیان 2018ء میں تعلقات کی خبریں سامنے آئی تھیں، جن کی بعد ازاں متعدد عوامی تقریبات میں ایک ساتھ شرکت کے بعد تصدیق ہوئی، تاہم دونوں نے 2024ء میں اپنی راہیں جدا کر لی تھیں۔



