ڈہرکی: جونیئر سائنس ٹیچر امیدواروں کا میرٹ پر بھرتیوں کے لیے احتجاج

ڈہرکی(رپورٹ:وجے کمار چاولا)ڈہرکی میں جونیئر سائنس ٹیچر کے امیدواروں نے نیشنل پریس کلب پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومتِ سندھ سمیت متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کی بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور انصاف کی بنیاد پر کی جائیں۔
احتجاج کرنے والے امیدواروں کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے اپنے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں، لیکن اب تک ان کے تحفظات دور نہیں کیے گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھرتی کے عمل کو مکمل شفاف بنایا جائے، میرٹ لسٹیں فوری طور پر جاری کی جائیں اور سفارش یا کسی بھی قسم کی ناانصافی کا خاتمہ کیا جائے۔
امیدواروں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کریں گے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور میرٹ کی بنیاد پر شفاف بھرتیوں کو یقینی بنانے کی اپیل بھی کی۔



