پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم کے لیے غیر ملکی ہیڈ کوچ مقرر، ڈچ کوچ رچرڈ ڈی سنیجر ذمہ داریاں سنبھالیں گے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے خواتین ہاکی کی بحالی اور ترقی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے قومی ویمنز ہاکی ٹیم کے لیے ڈچ کوچ رچرڈ ڈی سنیجر کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق رچرڈ ڈی سنیجر کی تقرری خواتین ہاکی کی طویل المدتی ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ انہیں دو دہائیوں سے زائد عرصے کا بین الاقوامی کوچنگ تجربہ حاصل ہے اور وہ نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں ایلیٹ سطح پر کوچنگ کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

رچرڈ ڈی سنیجر ماضی میں کے ایچ سی ڈریگنز، ریپڈ ٹیمزے اور ایل ایم ایچ سی لارین میں ٹیکنیکل ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ نئے ہیڈ کوچ قومی خواتین ہاکی ٹیم کے ٹیکنیکل، ٹیکٹیکل اور فزیکل معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وہ نیشنل کوچنگ ایڈوائزر ہارمن کروز اور دیگر کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر جدید تربیتی نظام متعارف کرائیں گے۔

پی ایچ ایف نے اسکول سطح سے قومی ٹیم تک خواتین ہاکی کے لیے مضبوط ٹیلنٹ پائپ لائن قائم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ قومی ویمنز ہاکی ٹیم کی کھلاڑیاں بہترین سہولیات اور مواقع کی مستحق ہیں، جبکہ رچرڈ ڈی سنیجر کی تقرری سے پاکستان میں جدید ہائی پرفارمنس ویمنز ہاکی پروگرام کا آغاز ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button