آئی پی پیز کو ساڑھے پانچ سال میں 7,275 ارب روپے کی کیپیسٹی ادائیگیاں، سینیٹ کمیٹی نے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے تمام آئی پی پیز (IPPs) کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
کمیٹی نے آئی پی پیز کے مالکان، پیداواری استعداد، بجلی کی پیداوار اور دیگر متعلقہ اعداد و شمار بھی طلب کیے ہیں تاکہ ان کی کارکردگی اور ادائیگیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔
نیپرا حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران آئی پی پیز کو 1,149 ارب روپے انرجی چارجز اور 1,800 ارب روپے کیپیسٹی چارجز کی مد میں ادا کیے گئے۔
حکام کے مطابق رواں سال اپریل تک آئی پی پیز کو 1,023 ارب روپے انرجی چارجز جبکہ 1,430 ارب روپے کیپیسٹی چارجز کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔
نیپرا نے مزید بتایا کہ گزشتہ ساڑھے پانچ سال کے دوران آئی پی پیز کو صرف کیپیسٹی چارجز کی مد میں مجموعی طور پر 7,275 ارب روپے ادا کیے گئے ہیں۔
قائمہ کمیٹی نے تمام آئی پی پیز کی ملکیت، پیداواری صلاحیت، بجلی کی پیداوار اور مالی ادائیگیوں کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔