ماتلی: وراثتی جائیداد تنازع پر چار بھائیوں کی اپنی بہنوں کیخلاف پریس کانفرنس،علاقہ کی بااثرشخصیات سے معاملہ حل کروانے کی اپیل

ماتلی (جانوڈاٹ پی کے) ماتلی شہر کے نظامانی محلے سے تعلق رکھنے والے چار بھائیوں منظور احمد نظامانی، عزیز اللہ نظامانی، اعجاز احمد نظامانی اور شاہد احمد نظامانی نے ماتلی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپنی دو بہنوں شاہینہ نظامانی اور زرینہ نظامانی کو والدین کی وراثتی جائیداد میں شرعی حصہ پہلے ہی دے دیا ہے، تاہم اس کے باوجود وہ مزید حصہ حاصل کرنے کے لیے مختلف افراد سے مبینہ ملی بھگت کر کے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرا کے انہیں ہراساں کر رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس تنازع کے حل کے لیے برادری کے معززین متعدد بار فیصلے کرا چکے ہیں، جن پر ان کی بہنیں وقتی طور پر رضامند بھی ہوئیں، تاہم بعد ازاں بعض افراد کے مبینہ اکسانے پر ان فیصلوں سے انحراف کرتے ہوئے دوبارہ کارروائیاں شروع کر دیں۔ بھائیوں نے یونین کونسل ملہن کی ایک بااثر شخصیت میر غلام حیدر ٹالپر پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کے خاندانی معاملے میں مداخلت کر کے تنازع کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں اور بہن بھائیوں کے درمیان دوریاں پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے رکن قومی اسمبلی میر غلام علی خان ٹالپر، رکن سندھ اسمبلی دادا محمد ہالیپوٹو، رکن سندھ اسمبلی میڈم تنزیلہ قمبرانی اور میونسپل کمیٹی ماتلی کے چیئرمین حاجی رضوان احمد قائم خانی سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے فریقین کے درمیان مصالحت کرائیں تاکہ خاندانی تنازع خوش اسلوبی سے حل ہو سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا خونریزی سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button