سجاول میں مردم شماری معاوضے کی عدم ادائیگی پر اساتذہ کا احتجاجی مظاہرہ

سجاول(جانوڈاٹ پی کے)2023کی مردم شماری میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ نے تین سال گزرنے کے باوجود معاوضہ ادا نہ کیے جانے کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاج کرنے والے اساتذہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے شدید گرمی میں مردم شماری جیسی اہم قومی ذمہ داری انجام دی، تاہم تین سال گزرنے کے باوجود انہیں ان کا جائز معاوضہ نہیں دیا گیا۔
اساتذہ کے مطابق پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) نے مردم شماری کا معاوضہ ڈپٹی کمشنر آفس کو منتقل کر دیا ہے، لیکن ادائیگی کا عمل تاحال مکمل نہیں کیا جا سکا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کا بقایا معاوضہ فوری طور پر جاری کیا جائے، کیونکہ مزید تاخیر اساتذہ کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر قومی مہم میں اساتذہ کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں، مگر معاوضوں کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اساتذہ نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر معاوضہ ادا نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



