جاتی میں ڈائریا سے متاثرہ معصوم بچہ دم توڑ گیا، ایمبولینس نہ ہونے سے بروقت منتقلی نہ ہو سکی

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) ضلع سجاول کی تحصیل جاتی میں ڈائریا سے متاثرہ ایک معصوم بچہ دورانِ علاج انتقال کر گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے کی بروقت منتقلی نہ ہونے کی وجہ ہسپتال میں ایمبولینس کی عدم دستیابی بنی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ بچے حسین راجو کو تشویشناک حالت میں گاؤں حیدر راجو سے تعلقہ ہسپتال جاتی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اس کی حالت مزید بگڑنے پر اسے ٹھٹھہ ریفر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) تعلقہ ہسپتال جاتی ڈاکٹر بشیر سولنگی نے بتایا کہ ریفرل کے وقت ہسپتال کی واحد ایمبولینس ایک دوسرے مریض کو ٹھٹھہ منتقل کرنے گئی ہوئی تھی، جس کے باعث فوری طور پر ایمبولینس دستیاب نہ ہو سکی۔
ڈاکٹر بشیر سولنگی کے مطابق ایمبولینس کی عدم دستیابی کے باعث بچے کو بروقت ٹھٹھہ منتقل نہیں کیا جا سکا، اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی، جبکہ مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ایمبولینسوں اور دیگر طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔



