فیروزوالہ: بند ٹوٹنے کے بعد جمع پانی میں ڈوب کر ایک ہی گھر کے 3 بچے جاں بحق

شیخوپورہ(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالہ میں بند ٹوٹنے کے بعد جمع ہونے والے پانی میں ڈوب کر ایک ہی خاندان کے تین کمسن بچے جاں بحق ہو گئے، جس سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ پٹھان کالونی، فیروزوالہ میں پیش آیا، جہاں نالہ بھیڑ کا بند ٹوٹنے سے گھر کے قریب بڑی مقدار میں پانی جمع ہو گیا۔ اسی دوران تین کمسن بچے نہاتے ہوئے گہرے پانی میں ڈوب گئے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت دانیال، نعمان اور برہان کے ناموں سے ہوئی ہے، جو ایک ہی گھر سے تعلق رکھتے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور بچوں کو پانی سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد تینوں بچوں کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
اس المناک حادثے کے بعد اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔ اہلِ علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نالوں اور حفاظتی بندوں کی بروقت مرمت، نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔



