بارشوں نے تھرپارکر میں تباہی مچا دی، گاؤں جیتراڑ میں 20 سے زائد کچے گھر منہدم

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں حالیہ مون سون بارشیں جہاں صحرائی علاقے کے لیے خوشحالی کی نوید ثابت ہوئیں، وہیں تعلقہ ڈاہلی کے گاؤں جیتراڑ میں طوفانی بارشوں نے غریب خاندانوں پر تباہی ڈھا دی۔

بارشوں کے باعث 20 سے زائد کچے مکانات منہدم ہو گئے، جس کے نتیجے میں متعدد خاندان بے گھر ہو کر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ متاثرین نے ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور مخیر حضرات سے فوری امداد کی اپیل کرتے ہوئے عارضی رہائش، راشن، صاف پینے کے پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث متاثرہ علاقوں میں مزید نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مقامی رہائشیوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور ہنگامی امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

ادھر تعلقہ ننگرپارکر، ڈیپلو، کلوئی اور چھاچھرو سے تاحال کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ حالیہ بارشوں کے بعد خوشگوار موسم نے صحرائے تھر کے باسیوں کے چہروں پر خوشی بھی بکھیر دی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button