آپریشن العزم: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 16 دہشت گرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ


راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن "العزم” کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں، جن کے دوران متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کلی کند عمرانی، خڈکوچہ، مستونگ اور دیگر مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں اور ٹھکانے تباہ کیے، جبکہ وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں جاری آپریشن العزم کے دوران اب تک فتنہ الہندوستان کے 16 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن و امان کے قیام تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔