سینٹکام کا آبنائے ہرمز میں احکامات نہ ماننے والے 2 جہاز ناکارہ بنانے کا دعویٰ


فلوریڈا(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے دو جہازوں کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
سینٹرل کمانڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز میں کارروائی کرتے ہوئے ایسے دو جہازوں کو نشانہ بنایا جنہوں نے امریکی احکامات پر عمل نہیں کیا۔
بیان کے مطابق امریکی فورسز نے دونوں جہازوں پر کارروائی کر کے انہیں احکامات ماننے پر مجبور کیا، جبکہ 12 تجارتی جہازوں کو حفاظتی اقدامات کے تحت اپنا راستہ تبدیل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں ایران کی ناکہ بندی بدستور برقرار ہے اور خطے میں بحری سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب خلیجی خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور عالمی توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔