وزیراعظم سےخواجہ سعدرفیق کی ملاقات،بھٹو کے حوالے سےبیان پروضاحت کردی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف سے سینئر لیگی رہنماخواجہ سعدرفیق نےملاقات کی جس دوران خواجہ سعد رفیق نے ذوالفقار علی بھٹو سے متعلق اپنے حالیہ بیان پر وضاحت پیش کی۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو اتحاد کی فضا قائم رکھنے اور عوامی بیانات میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران خواجہ سعد رفیق کے ذوالفقار علی بھٹو سے متعلق بیان پر پیپلز پارٹی کے تحفظات کے حوالے سے گفتگو ہوئی ۔ بیان کی وجہ سے پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) الزامات کے بجائے کارکردگی پر یقین رکھتی ہے ۔ ملکی مسائل کا حل اتحاد اور قومی یکجہتی سے ممکن ہے۔ ملاقات میں قومی سیاسی منظر نامے، اتحادی جماعتوں سے روابط اور آزاد کشمیر کے انتخابات پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں پہلے مرحلے کی انتخابی مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دوسرے مرحلے میں مرکزی قیادت کے جلسوں، دوروں اور انتخابی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔



