پاک بھارت تعلقات بہتر ہوجائیں تو بہت کچھ بہتر ہوسکتا ہے

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کانفرنس میں آتے تو اچھا ہوتا، ہمارا ماضی بہت تلخ رہا ہے۔ اے آروائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف سے بھارتی صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میاں نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت تعلقات بہتر ہوجائیں تو بہت کچھ بہتر ہوسکتا ہے، نوازشریف نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی کھیلنے کیلئے پاکستان آمد کی خواہش کا اظہار کیا۔
ایس سی او سے پاک بھارت تعلقات کی اچھی شروعات ہوسکتی ہے۔ بھارتی وزیراعظم کانفرنس میں آتے تو اچھا ہوتا، ہمارا ماضی بہت تلخ رہا ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف سے بھارتی صحافی برکھا دت نے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔
میاں نواز شریف نے بھارتی صحافی برکھا دت سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں رہا ہوں،ایس سی او اجلاس پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بحالی کا یہ ایک موقع ہے، اچھا ہوتا کہ مودی خود پاکستان میں ایس سی او اجلاس میں شرکت کرتے، امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں مودی کے ساتھ ملاقات ہوگی۔
دوسری جانب گزشتہ روز 16 اکتوبر کو پاکستان میں ایس سی او اجلاس کے دوران وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر کے درمیان اہم بیٹھک ہوئی، پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کو غیرمعمولی نوعیت کی ملاقات کہا جارہا ہے۔ میڈیا کے مطابق بھارتی درخواست پر دونوں وزرائے خارجہ اسحاق ڈار اور جےشنکر کو اکٹھے بٹھایا گیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو سے متعلق فی الحال کوئی بات افشاں نہیں کی جارہی ۔
بتایا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ کواکٹھا بٹھانے کیلئے وزارت خارجہ نے سٹنگ اریجمنٹ تبدیل کیا۔ ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھارت روانہ ہوگئے ہیں۔ جے شنکر نے مہمان نوازی پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔



