عبدالستار ایدھی کو بچھڑے 10 برس بیت گئے، انسانیت کی خدمت کا مشن آج بھی جاری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) انسانیت کی بے لوث خدمت کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والے عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے 10 برس بیت گئے، تاہم ان کی خدمات اور فلاحی مشن آج بھی جاری ہے۔
عبدالستار ایدھی نے رنگ، نسل، مذہب اور زبان کی تفریق کے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت کی اور ان کی قائم کردہ ایدھی فاؤنڈیشن آج بھی پاکستان بھر میں ریسکیو، ایمرجنسی سروسز، بے سہارا افراد کی رہائش، یتیم بچوں کی کفالت اور دیگر فلاحی منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے۔
عبدالستار ایدھی 28 فروری 1928ء کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد 1947ء میں وہ اپنے خاندان کے ہمراہ ہجرت کرکے کراچی منتقل ہوئے۔
انہوں نے 1951ء میں ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے انسانیت کی خدمت کا آغاز کیا، جس کے بعد ایدھی ٹرسٹ قائم کیا گیا جو وقت کے ساتھ ایک بڑے فلاحی نیٹ ورک میں تبدیل ہو گیا۔
عبدالستار ایدھی نے اپنی پوری زندگی غریب، بے سہارا اور ضرورت مند افراد کی خدمت میں گزار دی۔ ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں 1989ء میں نشانِ امتیاز سے نوازا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کو دنیا کی سب سے بڑی فلاحی ایمبولینس سروسز میں شمار کیا جاتا ہے، جو ملک بھر میں لاکھوں افراد کو ہنگامی امداد فراہم کرتی ہے۔
عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016ء کو گردوں کے عارضے کے باعث 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کراچی میں سپرد خاک کیا گیا۔
انسانیت کے لیے ان کی بے مثال خدمات، سادگی اور خدمتِ خلق کا جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔



