شہباز گل پر سیاہی اور انڈے پھینکنے کا کیس، 5 سال بعد لیگی کارکنان پر فرد جرم عائد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل پر پیشی کے دوران سیاہی اور انڈے پھینکنے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ سعد الرحمان نے واقعے کے تقریباً پانچ سال بعد مقدمے میں نامزد مسلم لیگ (ن) کے کارکنان غلام عباس اور طارق جٹ پر فرد جرم عائد کر دی۔
لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ سعد الرحمان نے کیس کی سماعت کی، جہاں عدالتی حکم پر تمام ملزمان پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔
سماعت کے دوران ملزمان کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی، تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کر دیا، جس کے بعد عدالت نے غلام عباس اور طارق جٹ پر فرد جرم عائد کر دی۔
عدالت نے ملزمان کے انکار کے بعد استغاثہ کے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا تھا جب پی ٹی آئی رہنما شہباز گل لاہور ہائیکورٹ میں ایک مقدمے کی سماعت کے لیے پہنچے تھے۔ اس دوران عدالت کے احاطے میں موجود بعض افراد نے مبینہ طور پر ان پر سیاہی اور انڈے پھینکے، جس کے بعد موقع پر بدنظمی پیدا ہو گئی تھی۔
واقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جبکہ پولیس نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرکے متعدد افراد کو نامزد کیا تھا۔



