سانحہ کاہنہ کے بعد مریم نواز کا بڑا فیصلہ، پنجاب میں "اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام شروع کرنے کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سانحہ کاہنہ کے متاثرین کے غم کو عملی اقدامات میں تبدیل کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں خستہ حال اور غیر محفوظ گھروں کی بحالی کے لیے "اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت "اپنی چھت، اپنا گھر” اور "اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرامز سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے فلیگ شپ ہاؤسنگ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے موجودہ گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے نئی سہولت متعارف کرائی جائے گی۔
نئے پروگرام کے تحت خستہ حال، بوسیدہ اور کمزور چھتوں والے گھروں کی مرمت اور بحالی کے لیے 5 لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ گھروں میں نئی منزل یا اضافی فلور تعمیر کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے تک سود فری قرض آسان اقساط پر دینے کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بحران کے وقت صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ہی اچھی حکمرانی کی پہچان ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گھروں کی تعمیر اور بہتری کے لیے آسان قرضوں کا حصول مزید سہل بنایا جائے اور غریب شہریوں پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔
اجلاس میں "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کے لیے سود فری قرض منظور کیے گئے۔
حکام کے مطابق اب تک ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ منصوبے کے لیے 217.8 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں ایک لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 27 ہزار سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ پروگرام کے لیے 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
اجلاس میں "اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام کی پیش رفت بھی پیش کی گئی، جس کے تحت 23 اضلاع میں 2 ہزار پلاٹ فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جن بے گھر خاندانوں کو مفت پلاٹ دیے گئے ہیں، انہیں گھر تعمیر کرنے کے لیے قرض کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” اور اس سے منسلک تمام منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



