بدین میں پاکستان پیپلز پارٹی کی یوم سیاہ پر ریلی

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی نے 5 جولائی 1977ء کو سابق فوجی صدر جنرل ضیاء الحق کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب عوامی حکومت کا تختہ الٹ کر ملک میں مارشل لا نافذ کیے جانے کے دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا۔ اس سلسلے میں 49ویں یومِ سیاہ کے موقع پر ضلع بدین میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سجاد علی چانڈیو، ضلع کونسل بدین کے وائس چیئرمین اور پیپلز پارٹی تعلقہ بدین کے صدر فدا حسین منڈھرو، 5 جولائی کے اسیر، سابق ضلعی جنرل سیکریٹری اور ضلع کونسل کے رکن عبدالغفور نظامانی، سابق ضلعی رہنما اور موجودہ جنرل سیکریٹری تعلقہ ٹنڈو باگو یار محمد خاصخیلی، پیپلز پارٹی تعلقہ تلہار کے صدر نیاز لاشاری اور گولارچی تعلقہ کے سابق صدر حاجی عبدالغفور میمن نے کی ریلی ضلع کونسل بدین سے شروع ہو کر بدین پریس کلب تک پہنچی، جس میں پارٹی رہنماؤں، عہدیداروں، کارکنوں اور جیالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور ہاتھوں میں سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ فوجی آمریت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر سال 5 جولائی کو اس عزم کے ساتھ یومِ سیاہ مناتی ہے کہ جمہوریت، آئین اور عوام کے حقِ حکمرانی کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 5 جولائی 1977ء پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب عوامی مینڈیٹ، آئین اور پارلیمانی جمہوریت پر شب خون مار کر ملک کی پہلی منتخب عوامی حکومت کو غیر آئینی طریقے سے برطرف کیا گیا اور ملک کو فوجی آمریت کے اندھیروں میں دھکیل دیا گیا مقررین نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم قومی رہنما تھے، جنہوں نے عوامی خدمت، قومی خودمختاری اور ترقی پسند سیاست کو فروغ دیا۔ آمریت یہ سمجھتی تھی کہ وہ عوام کی آواز کو دبا دے گی، مگر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور بے شمار جمہوریت پسند کارکنوں کی قربانیوں نے ثابت کر دیا کہ حق، جمہوریت اور عوامی حکمرانی کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی انہوں نے کہا کہ 49 برس گزرنے کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی، ووٹ کے تقدس، پارلیمانی جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی کے تحفظ کے اپنے عزم پر آج بھی قائم ہے۔ شہداء کی قربانیوں کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ آمریت اور غیر آئینی قوتوں کو ہمیشہ مسترد کرتے ہوئے ایک مضبوط، متحد، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے

ریلی کے اختتام پر شرکاء نے جمہوریت کے استحکام، آئین کی سربلندی اور جمہوریت کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی حقوق، جمہوری اقدار اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھے گی اس موقع پر پیپلز پارٹی بدین سٹی کے جنرل سیکریٹری اصغر ملاح، اطلاعات سیکریٹری ماتلی سلیم یوسف اڈھیجو، جنرل سیکریٹری تعلقہ گولارچی محمد سموں، اقلیتی رہنما جیوت رام، امیر حسن کھوسو، احسان جمالی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا

مزید خبریں

Back to top button