کاری علی بحر واہ کے ٹیل تک پانی نہ پہنچنے کیخلاف ٹیل کے آبادگاروں کا احتجاج

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)کاری علی بحر واہ کے ٹیل تک پانی نہ پہنچنے کیخلاف ٹیل کے آبادگاروں، کسانوں اور علاقہ مکینوں نے نندو پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے محکمہ آبپاشی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کاری علی بحر واہ کے ٹیل تک فوری طور پر پانی پہنچایا جائے، غیر قانونی واٹر کورسز کو فریم لگائے جائیں اور نہر کی فوری صفائی کرائی جائے احتجاج کے دوران "ایس ڈی او آبپاشی کو ہٹاؤ، کاری علی بحر واہ بچاؤ”، "غیر قانونی واٹر کورسز کو فریم لگاؤ” اور "ٹیل کے آبادگاروں کو ان کے پانی کا حق دو” کے زوردار نعرے لگائے گئے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے افسران کی نااہلی اور مبینہ غفلت کے باعث کاری علی بحر واہ کے ٹیل کے علاقے شدید پانی کی قلت کا شکار ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی خشک ہو رہی ہے، فصلیں تباہ ہو رہی ہیں اور کسان شدید معاشی بحران سے دوچار ہیں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی واٹر کورسز اور پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث ٹیل کے آبادگاروں کے حصے کا پانی متاثر ہو رہا ہے، جبکہ نہر کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بھی پانی کی روانی میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں رہنماؤں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تین دن کے اندر کاری علی بحر واہ کے ٹیل تک پانی نہ پہنچایا گیا، غیر قانونی واٹر کورسز کے خلاف کارروائی نہ کی گئی اور نہر کی صفائی کا کام شروع نہ ہوا تو وہ مجبوراً مین تھر کول روڈ پر احتجاجی دھرنا دے کر سڑک بلاک کریں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ آبپاشی اور متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی آ خر میں مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نااہل محکمہ آبپاشی کے افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور کاری علی بحر واہ کے ٹیل تک پانی کی منصفانہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسانوں اور آبادگاروں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔



