اہم پارٹی اجلاس؛ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز مری پہنچ گئے
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، حکومتی کارکردگی اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا

اسلام آباد (ویب ڈیسک): مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا اہم اجلاس آج مری میں ہوگا، جس کے لیے پارٹی صدر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مری پہنچ چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، حکومتی کارکردگی اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف وفاقی حکومت کی کارکردگی، جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے میں جاری منصوبوں اور حکومتی اقدامات پر نواز شریف کو بریفنگ دیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حالیہ بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات پر بھی مشاورت ہوگی۔
اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کو ملک گیر سطح پر مزید فعال اور متحرک کرنے کے لیے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ نواز شریف بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، مہنگائی، اور عوامی مشکلات سے متعلق اپنا موقف پیش کریں گے۔
پارٹی رہنماؤں کے مطابق اجلاس میں آنے والے مہینوں کی حکمت عملی، عوامی رابطہ مہم، اور پارٹی ڈھانچے کی ازسرنو تنظیم پر بھی گفتگو کی جائے گی۔



