اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، صدر مملکت اور وزیراعظم کا قومی دن پر عزم کا اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر تمام شہریوں، بالخصوص مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقع کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپنے الگ الگ پیغامات میں مذہبی رہنماؤں، تعلیمی اداروں، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ ایسا سماجی ماحول تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں جہاں ہر شہری کے عقیدے، شناخت اور انسانی وقار کا احترام یقینی ہو۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی مذہبی اقلیتوں نے تنازعات، جنگوں، صحت، تعلیم اور زندگی کے دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور آج بھی اپنے دیگر ہم وطنوں کے ساتھ مل کر ملکی تعمیر و ترقی میں تعمیری کردار ادا کر رہی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہر سال قومی سطح پر اقلیتوں کا دن اس عزم کے ساتھ مناتا ہے کہ ملک میں اقلیتوں کی موجودگی، قومی دھارے میں ان کی شمولیت اور ملکی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں قومی اساس کا اہم حصہ ہیں اور ملک کی متنوع معاشرتی و ثقافتی تہذیب کے حقیقی حسن کی عکاس ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کا قومی دن مختلف طبقات اور برادریوں کے درمیان اتحاد، پُرامن بقائے باہمی، باہمی احترام اور سب کے لیے مساوی ترقی کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی تجدید کا مظہر ہے۔ پاکستان کے متنوع معاشرے میں مختلف مذاہب، ثقافتوں، قومیتوں اور روایات سے تعلق رکھنے والے افراد مل کر زندگی بسر کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین اقلیتی برادریوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کا ضامن ہے، جبکہ آئینی تحفظ کو مؤثر قانونی نظام کی بھی تائید حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی قوانین میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ، امتیازی سلوک کی ممانعت اور نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے لیے مؤثر قانونی دفعات موجود ہیں۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، متعلقہ ادارے اور سول سوسائٹی باہمی تعاون سے ملک کے ہر شہری، بالخصوص اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور ایک پُرامن، روادار اور متحد معاشرے کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button