کولمبیا میں 7.4 شدت کا طاقتور زلزلہ، ہلاکتیں 111 ہوگئیں، 87 افراد زخمی

کولمبیا(مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی کولمبیا میں آنے والے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 111 افراد جاں بحق جبکہ 87 زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد افراد تاحال منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں سے ملک کے مختلف شہروں میں عمارتیں منہدم ہوگئیں اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ امدادی کارکن ملبے تلے پھنسے افراد کی تلاش اور انہیں زندہ نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز کولمبیا کے بحرالکاہل کے ساحل پر واقع کم آبادی والے صوبے چوکو میں تھا۔ زلزلہ زمین میں تقریباً 107 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔
زلزلے کے باعث مختلف علاقوں میں عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ کئی مقامات پر امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا بھی سامنا ہے۔
کولمبیا کے صدر نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی حکومت انسانی جانوں کے تحفظ، متاثرہ آبادیوں کی مدد اور ضرورت مند علاقوں تک امداد پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔
حکام کے مطابق امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مختلف مقامات پر کارروائی کر رہی ہیں۔



