قبائلی اضلاع کے فنڈز انہی علاقوں پر خرچ کیے جائیں، عوام نے آوازاٹھادی

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر شہریوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے، عوام کا کہنا ہے کہ علاقے آج بھی پینے کے صاف پانی، سڑکوں، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز سیاسی کشمکش کی نذر ہو رہے ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قبائلی اضلاع کے لیے مختص فنڈز صوبائی حکومت کے ذریعے خرچ کرنے کے بجائے براہ راست انہی اضلاع کی ترقی اور عوامی ضروریات پر خرچ کیے جائیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ کرم، اورکزئی، مہمند اور باجوڑ سمیت دیگر قبائلی اضلاع میں بنیادی سہولیات کی کمی بدستور ایک بڑا مسئلہ ہے۔ سڑکوں کی تعمیر و مرمت، پینے کے پانی کی فراہمی، تعلیمی اداروں اور صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
شہریوں کے مطابق قبائلی اضلاع کے سابقہ انتظامی نظام کی بحالی سے مقامی مسائل کے فوری حل اور ترقیاتی امور میں بہتری کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور ترقیاتی فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے۔



