بیمار ہتھنی مدھوبالا کی حالت تشویشناک،علاج کیلئے عالمی ماہرین میدان میں آگئے

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) کراچی کے سفاری پارک میں بیمار ہتھنی مدھوبالا کے علاج اور طبی معائنے کے لیے غیر ملکی ماہرین کی ٹیم پہنچ گئی، ہتھنی کی بگڑتی صحت کے پیش نظر ماہرین اس کی طبی حالت کا جائزہ لینے کے ساتھ خون کے نمونے بھی حاصل کریں گے۔

فورپاز کی ٹیم نے ڈاکٹر عامر خلیل کی سربراہی میں سفاری پارک کا دورہ کیا، جبکہ سری لنکن ڈاکٹر بدیکا بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ غیر ملکی ماہرین گزشتہ کئی ہفتوں سے آن لائن رابطوں کے ذریعے بھی مدھوبالا کے علاج کے حوالے سے رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر عامر خلیل کے مطابق مدھوبالا کی صحت یابی کی امید موجود ہے، تاہم اسے بہتر علاج اور خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہے۔ پاکستانی اور غیر ملکی ماہرین مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہتھنی کی جان بچانے اور اس کی حالت بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

ڈاکٹر عامر خلیل کا کہنا ہے کہ ماضی کی غلطیوں پر توجہ دینے کے بجائے اس وقت مدھوبالا کے موجودہ طبی مسائل کو سمجھنا اور اس کی مدد کرنا اولین ترجیح ہے۔ ہتھنی کی مکمل صحت یابی کے حوالے سے فی الحال حتمی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی۔

ان کے مطابق مدھوبالا کے خود کھڑے ہونے اور چلنے پھرنے کے قابل ہونے کے بعد ہی علاج کے اگلے مرحلے سے متعلق فیصلہ کیا جا سکے گا۔ اس کی صحت بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کے ساتھ خصوصی دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق مدھوبالا گزشتہ سال سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہے اور مسلسل علالت کے باعث اس کی صحت شدید متاثر ہوئی ہے۔ کمزوری کے باعث وہ خود کھڑی ہونے سے بھی قاصر ہے، جبکہ گزشتہ ماہ سے اسے جسمانی طاقت بحال کرنے کے لیے ملٹی وٹامن ادویات دی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button