امریکا سفارتی ناکامی کے بعد پابندیوں کا سہارا لیتا ہے، ایرانی وزارتِ خارجہ

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا سفارت کاری میں ناکامی کے بعد ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے پابندیوں کا سہارا لیتا ہے، تاہم پابندیاں تہران کو جھکانے میں ناکام رہی ہیں۔
اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ جب امریکی پابندیاں ناکام ہوتی ہیں تو واشنگٹن ان کی شدت میں مزید اضافہ کر دیتا ہے، تاہم ایران پابندیوں کے ذریعے دباؤ میں نہیں آئے گا۔
ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیاں اب محض پالیسی نہیں رہیں بلکہ ایک عادت بن چکی ہیں۔ ایران کئی دہائیوں سے امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی دباؤ کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکا پابندیوں کے ذریعے اپنے پیدا کردہ بحران سے نکلنے میں کامیاب نہیں ہوسکتا، جبکہ ایران پر عائد پابندیاں دراصل امریکی سفارتی ناکامی کا اعتراف ہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ امریکا کی جانب سے مسلسل پابندیوں کے باوجود ایران کو جھکانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں۔



