پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ڈیڑھ ماہ کے دوران 29 روپے 71 پیسے تک اضافہ
عوام کا قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد (ویب ڈیسک): ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، صرف ڈیڑھ ماہ کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مجموعی طور پر 29 روپے 71 پیسے فی لیٹر تک بڑھ چکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یکم جون 2025 سے اب تک حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چار مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 19 روپے 52 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 29 روپے 71 پیسے بڑھائی گئی ہے۔31 مئی 2025 کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 252 روپے 63 پیسے تھی، جو اب بڑھ کر 272 روپے 15 پیسے ہو چکی ہے۔ اسی طرح 31 مئی کو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 254 روپے 64 پیسے فی لیٹر تھی، جو اب 284 روپے 35 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث ملکی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہو رہی ہیں، جس کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ، بجلی اور روزمرہ استعمال کی اشیاء پر پڑ رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم قیمتوں میں توازن لانے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ مہنگائی سے پہلے سے پریشان عوام کو مزید ریلیف مل سکے۔



